۱؎ جویریہ تصغیر ہے جاریۃ کی جاریہ کے معنی ہیں لڑکی،جویریہ چھوٹی لڑکی،آپ جویریہ بنت الحارث ہیں،غزوہ مریسیع جسے غزوہ نبی مصطلق بھی کہتے ہیں جو ۵ھ میں ہوا اس میں قید ہوکر آئیں،ثابت ابن قیس کے حصہ میں آئیں انہیں نے آپ کو مکاتبہ کردیا حضور انور نے آپ کا مال کتابت ادا کردیا اور آپ سے نکاح کرلیا،آپ کی وفات ربیع الاول ۵۶ھ چھپن میں ہوئی،۶۵ سال عمر پائی رضی اللہ عنہا۔(اکمال)
۲؎ یعنی حضور انور نے برہ نام اس لیے بدل دیا کہ اگر آپ اپنی ان بیوی صاحبہ کے پاس سے تشریف لائیں تو نہ کہا جاوے کہ آپ برہ یعنی نیک کے یا نیکی کے پاس سے آئے کہ اس کا مطلب یہ بن جاتا ہے کہ نیکی سے نکل کر آئے تو نعوذ باللہ برائی میں آئے۔