Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
593 - 975
حدیث نمبر 593
روایت ہے حضرت زینب بنت ابی سلمہ سے ۱؎  فرماتی ہیں کہ میرا نام برہ رکھا گیا ۲؎  تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا خود اپنی صفائیاں نہ دو تم میں سے بھلائی والے کو اللہ جانتا ہے۳؎  اس کا نام زینب رکھو ۴؎ (مسلم)
شرح
۱؎ یہ زینب حضور انور کی سوتیلی بیٹی ہیں جو اپنی والدہ جناب ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ حضور اقدس کے گھر میں آئیں اور حضور انور کی پرورش میں رہیں اور زینب بنت خدیجۃ الکبریٰ حضور کی سگی بیٹی ہیں جو ابوالعاص کے نکاح میں رہیں۔

۲؎  یعنی میری والدہ ام سلمہ نے یا میرے والد ابو سلمہ نے میرا نام برہ رکھا،برہ کے معنی ہیں نہایت نیک صالح بچی۔

۳؎ اس فرمان عالی میں اشارہ اس آیات کریمہ کی طرف ہے"فَلَا تُزَکُّوۡۤا اَنۡفُسَکُمْ"،"بَلِ اللہُ یُزَکِّیۡ مَنۡ یَّشَآءُ"۔

۴؎ زینب کے بہت معنی ہیں زنب بمعنی موٹاپا تندرستی زینب موٹی و تندرست عورت یا زنب وہ درخت جو خوبصورت خوشبودار ہو یا  یہ لفظ بنا ہے زین اور اب سے یعنی اچھے باپ کی بیٹی،یہ تیسرے معنی نہایت موزوں ہیں۔(مرقات)واقعی ان سے بڑھ کر اچھے باپ والی بیٹی کون ہوگی رضی اللہ عنہا۔
Flag Counter