| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت جعفر ابن ابی طالب سے کہ زمین حبشہ سے لوٹنے کے قصہ میں فرماتے ہیں کہ ہم چلے حتی کہ ہم مدینہ پہنچے تو مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ملے حضور نے مجھے گلے لگالیا پھر فرمایا میں نہیں جانتا کہ میں خیبر کی فتح سے زیادہ خوش ہوا یا جعفر کے آنے سے اور اتفاقًا یہ آمد فتح خیبر کے دن ہوئی تھی ۱؎(شرح السنہ)
شرح
۱؎ حضرت جعفر ابن ابی طالب یعنی حضرت علی شیرخدا کے بھائی جب حبشہ سے ہجرت کرکے مدینہ منورہ آئے تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم سے خیبر میں ہی ملاقات ہوگئی،اس دن فتح خیبر ہوئی تھی حضور انور نے ان کو اور ان کے ساتھیوں کو خیبر کی غنیمت سے حصہ بھی دیا اور ان کو چوم کر یہ فرمایا کہ آج مجھے اللہ نے دو خوشیاں دکھائیں ہیں: ایک فتح خیبر،دوسری تمہاری۔ یہ دونوں خوشیاں ایسی عظیم الشان ہیں کہ ان میں سے کسی کو دوسری پر ترجیح دینا مشکل ہے۔