Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
493 - 975
حدیث نمبر 493
روایت ہے حضرت ابوالعلاء حضرمی سے کہ ابو العلاء حضرمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے عامل تھے ۱؎ اور جب آپ ان کی طرف لکھتے تو اپنی ذات سے ابتداء کرتے ۲؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ علاءحضرمی کا نام عبداللہ ہے،حضر موت کے باشندے تھے،حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف سے بحرین کے گورنر تھے،حضرت صدیق اکبر اور فاروق اعظم نے ان کا عہدہ بحال رکھا،چنانچہ آپ تا وفات اسی عہدے پر رہے،بعض نے فرمایا کہ آپ کی وفات عہدِ صدیقی میں ہے،مرقات نے فرمایا کہ        ۱۴؁   چودہ ہجری میں آپ نے وفات پائی اور ابوالعلاء کا نام زید ابن عبداللہ ہے،کنیت ابوالعلاء،مشکوۃ شریف کے بعض نسخوں میں ابن العلاء ہے۔

۲؎  یعنی حضرت علاء جب بحرین سے حضور انور کی خدمت میں کوئی عریضہ لکھتے تو پہلے اپنا نام پھر مکتوب الیہ کا نام لکھتے تھے کیونکہ یہ ہی سنت رسول اللہ ہے،حضرت سلیمان علیہ السلام نے جب بلقیس کو خط لکھا تو لکھا "اِنَّہٗ مِنۡ سُلَیۡمٰنَ وَ اِنَّہٗ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیۡمِ"جب حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم نے شاہ روم کو فرمان عالی لکھا تو لکھا من محمد رسول اللہ الی ھرقل عظیم الروم،طریقہ خط لکھنے کا یہ چاہیے کہ اپنا نام لکھے،پھر جس کو خط لکھنا ہے اس کا نام ہو،پھر کچھ القاب،پھر سلام،پھر مقصد کی تحریر۔ خیال رہے کہ یہ چیز سلام کی تمہید ہوتی ہے اس لیے اسے باب سلام میں لائے۔
Flag Counter