| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت سعد سے فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ جو کوئی صبح سویرے ساتھ عجوہ چھوہارے کھائے ۱؎ تو اسے اس دن زہر اور جادو نقصان نہ دے گا ۲؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ عجوہ مدینہ منورہ کے اعلیٰ قسم کے چھوہارے ہیں،ان کا رنگ سیاہ ہوتا ہے،ان پر کچھ دھاریاں قدرتی ہوتی ہیں۔عوالی مدینہ میں ایک باغ ہے جس میں عجوہ کے دو درخت ایسے ہیں جنہیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دستِ اقدس سے لگایا اب کچھ کم پھل دیتے ہیں۔فقیر نے ان درختوں کو بوسہ دیا ہے اور ان کے پھل کے ۱۱ دانے اپنے ساتھ لایا تھا،اس کا ایک دانہ ایک ریال کا ملتا ہے۔ ۲؎ حدیث بالکل ظاہری معنی پر ہے۔واقعی عجوہ کھجور میں یہ تاثیر ہے،کسی تاویل کی ضرورت نہیں مگر عجوہ مدینہ منورہ کا ہو۔(مرقات)