۱؎ ہر مرض سے مراد ہر بلغمی اور رطوبت کے امراض ہیں کیونکہ کلونجی گرم اور خشک ہوتی ہے لہذا مرطوب اور سردی کی بیماریوں میں مفید ہوگی۔(اشعہ)
۲؎ حبۃ سوداء تین دواؤں کا نام ہے: سیاہ زیرہ، رائی ،کلونجی۔اس شرح سے معلوم ہوا کہ یہاں کلونجی مراد ہے،یہ فرمان عالی ایسا ہے جیسے قرآن کریم کا فرمان"اُوۡتِیَتْ مِنۡ کُلِّ شَیۡءٍ"یا جیسے"تُدَمِّرُ کُلَّ شَیۡءٍۭ"کہ کل شیئ سے مراد عام چیزیں ہیں،یوں ہی یہاں مراد عرب کی عام بیماریاں ہیں۔(مرقات)یعنی کلونجی عرب کی عام بیماریوں میں مفید ہے۔خیال رہے کہ احادیث شریفہ کی دوائیں کسی حاذ ق طبیب کی رائے سے استعمال کرنی چاہیں صرف اپنی رائے سے استعمال نہ کریں کہ ہمارے مزاج اہلِ عرب کے مزاج سے جداگانہ ہیں۔