Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
319 - 975
الفصل الثالث

تیسری فصل
حدیث نمبر 319
روایت ہے حضرت ثابت سے ۱؎  فرماتے ہیں کہ حضرت انس سے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے خضاب کے متعلق پوچھا گیا تو فرمایا کہ اگر میں چاہتا کہ وہ سفید بال گنوں جو آپ کے سر میں تھے تو کرلیتا ۲؎  فرمایا اور خضاب نہ کیا،ایک روایت میں یہ زیادہ ہے کہ حضرت ابوبکر نے مہندی اور وسمہ سے خضاب کیا۳؎ اور حضرت عمر نے خالص مہندی سے خضاب کیا۔ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  آپ کا نام ثابت ابن اسلم بنانی ہے،کنیت ابو محمد،بصرہ کے مشہور بڑے عابد تابعی ہیں،حضرت انس کے ساتھ چالیس سال تک رہے،چھیاسی سال عمر پائی،     ۱۲۳؁  ایک سو تئیس میں وفات ہوئی،آپ اکثر حضرت انس سے روایات لیتے ہیں۔

۲؎  یعنی سر شریف اور ڈاڑھی مبارک میں چند گنتی کے بال سفید تھے جو شمار میں آجاتے پھر خضاب کیسے ہوتا۔

۳؎  یعنی حضرت ابوبکر صدیق نے پکا لال رنگ کا خضاب کیا جو مہندی اور تھوڑے وسمہ سے حاصل ہوتا ہے اتنا وسمہ شامل نہ کیا کہ سیاہ ہوجاوے کہ سیاہ خضاب مطلقًا ممنوع ہے اور حضرت عمر نے خالص مہندی کا سرخ خضاب کیا لہذا خضاب سنت صحابہ ہے۔
Flag Counter