Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
315 - 975
حدیث نمبر 315
روایت ہے حضرت عائشہ سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے مردوں اور عورتوں کو حمام میں جانے سے منع فرمایا ۱؎ پھر مردوں کو اجازت دی کہ وہ تہبند کے ساتھ وہاں جائیں ۲؎(ترمذی،ابوداؤد)
شرح
۱؎ کیونکہ حمام میں بہت بے پردگی ہوتی ہے وہاں کے کام کاج والے لوگ بے پردہ نہانے والوں کے سامنے آتے انہیں مالش کرتے ننگے نہلاتے ہیں جیساکہ دیکھا گیا ہے۔

۲؎  عورتوں کو تہبند کے ساتھ بھی حمام میں جانے کی اجازت نہیں کیونکہ ان کا تمام جسم عورت ہے از سر تا قدم،ان میں سے کسی عضو کا غیروں کے سامنے کھولنا جائز نہیں الاعندالضرورۃ لہذا اگر یہ حمام میں تہبند باندھ کر بھی غسل کریں تب بھی باقی جسم کھلا رہے گا اور وہاں کے نوکر چاکر ان کو بے پردہ دیکھیں گے،مرد تہبند باندھ کر نہائیں تو کوئی مضائقہ نہیں کہ ان کا سارا جسم ستر نہیں۔خیال رہے کہ عورتوں کی عورت غلیظ یعنی ناف سے گھٹنے تک غیرمحرم عورتوں کو بھی دیکھنا حرام ہے الا بالضرورۃ۔حمام میں عورتوں کو اگرچہ عورتیں غسل کرائیں مگر یہ بے پردگی ان سے بھی حرام ہے اور عورتیں اس کی احتیاط ہرگز نہیں کرتیں جیسا کہ عمومًا دیکھا جاتا ہے۔
Flag Counter