Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
263 - 975
حدیث نمبر 263
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ پانچ چیزیں فطرت سے ہیں ۱؎ ختنہ کرنا ۲؎  استرا لینا ۳؎  مونچھیں کاٹنا۴؎  ناخن تراشنا ۵؎  اور بغل کے بال اکھیڑنا ۶؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ سنت قدیمہ جوگزشتہ انبیاء کرام کا بھی طریقہ رہا ہو اسے فطرت کہتے ہیں گویا وہ انسان کی پیدائشی عادت ہے۔یہاں پانچ کا ذکر حد کے لیے نہیں ہے اس کے علاوہ اور بھی سنتیں انبیاء ہیں جو دوسری احادث میں مذکور ہیں۔

۲؎  ختنہ امام اعظم کے ہاں سنت ہے ،امام شافعی کے ہاں فرض۔(مرقات)سات سال کی عمر تک ختنہ کردینا چاہیے،نو مسلم جوان آدمی کا نکاح ایسی عورت سے کردیا جاوے جو ختنہ کرنا جانتی ہو پھر ختنہ کے بعد چاہے تو طلاق دیدے،جو بچہ ختنہ شدہ پیدا ہو اس کے ختنہ کی ضرورت نہیں۔خیال رہے کہ چودہ انبیاء کرام ختنہ شدہ پیدا ہوئے:حضرت آدم،شیث،نوح،صالح،شعیب ،یوسف،موسیٰ،زکریا،سلیمان،عیسیٰ،حنظلہ ابن صفوان جو اصحاب رُسل کے نبی ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ و سلم یہ حضرات ختنہ شدہ ناف بریدہ پیداہوئے،عورتوں کا ختنہ ہمارے ہاں مکروہ ہے۔

۳؎  یعنی ناف کے نیچے اور پاخانہ کے مقام کے بال استرہ سے صاف کرنا سنت ہے مرد کے لیے اور کسی دواء سے صاف کردینا مرد کے لیے خلاف سنت ہے قینچی سے یہ بال کاٹ دینا مردوعورت دونوں کے لیے خلاف سنت ہے،بحالت جنابت کوئی بال کاٹنا مونڈھنا بہتر نہیں۔(مرقات)

۴؎  اوپری ہونٹ کے بالوں کو مونچھ کہا جاتا ہے۔یہ اتنے کاٹے جاویں کہ اوپرے ہونٹ کا کنارہ خوب کھل جاوے،پانی پیتے وقت یہ بال پانی میں نہ ڈوب سکیں،مونچھیں مونڈنا یا بہت زیادہ پست کردینا خلاف سنت ہے۔محیط میں ہے کہ مردوں کو سر منڈآنا عام حالات میں اچھا نہیں احرام کھولتے وقت سنت ہے۔حلق کے بال نہ منڈائے،بھویں اور چہرے کے کچھ کچھ بال الگ کردینا جائز ہے جب کہ ہیجڑوں سے تشبہ نہ ہو،سینہ اور پیٹھ کے بال مونڈھنا یا کترنا مستحب نہیں۔(مرقات)

۵؎  اس طرح ناخن تراشے کہ ہاتھوں کے پہلے پاؤں کے بعد میں،داہنے ہاتھ کی کلمہ کی انگلی شروع کرے چھنگلی تک کاٹ دے پھر بائیں ہاتھ کی چھنگلی سے شروع کرے انگوٹھے تک کاٹ دے پھر داہنے ہاتھ کے انگوٹھے کے ناخن کاٹ دے۔جو کوئی جمعرات کے دن ناخن تراشا کرے ان شاء اللہ فقیر نہ ہوگا۔حجامت جمعرات کو چاہیے اورغسل تبدیلی لباس خوشبو جمعہ کو افضل ہے۔حضرت آدم علیہ السلام کے جسم پر ناخن کا لباس تھا جنت سے باہر آکر یہ کپڑوں کا لباس عطا ہوا،آپ کا جسم ساٹھ ہاتھ تھا۔(مرقات)

۶؎  بغل کے بال اوکھیڑنا سنت ہے منڈانا جائز،امام شافعی منڈایا کرتے تھے۔ناک کے بال اکھیڑنا ممنوع ہے اس سے بیماری پیدا ہوتی ہے۔(مرقات)
Flag Counter