Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
194 - 975
حدیث نمبر 194
روایت ہے حضرت سوید ابن وہب سے وہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے صحابہ کے بیٹوں میں سے ایک صاحب سے ۱؎  راوی وہ اپنے والد سے راوی فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جو جمال کا لباس پہننا چھوڑ دے حالانکہ وہ اس پر قادر ہو اور ایک روایت میں ہے کہ انکسار کے طور پر تو اللہ اسے عزت کا جوڑا پہنائے گا ۲؎  اور جو اللہ کے لیے نکاح کرے تو اللہ اسے بادشاہی تاج پہنائے گا ۳؎(ابودا ؤد)اور ترمذی نے انہیں سے بروایت معاذ ابن انس لباس کی حدیث روایت کی ۴؎
شرح
۱؎  غالب یہ ہے کہ وہ بیٹے بھی صحابی ہیں یا تقویٰ و طہارت سے موصوف ہیں ورنہ یہ حدیث مجہول ہوگی کیونکہ سوید ابن وہب تابعی بھی صحابی کا ذکر نہیں کرتے،صحابی کا نام مذکور نہ ہوکوئی حرج نہیں کہ صحابہ سارے ثقہ ہیں۔

۲؎  یعنی جوبخل کی وجہ سے نہیں بلکہ عجز و انکسار کے لیے قدرت کے باوجود معمولی لباس پہنے اس کایہ درجہ ہے لہذا یہ حدیث اس حدیث کے خلاف نہیں کہ اللہ کی نعمت کا اثر تم پر دیکھا جاتا ہے۔

۳؎  جس تاج کے ایک ایک موتی میں ایسی چمک ہوگی جیسے سورج کی چمک اگر وہ تمہارے گھر کے اندر ہوتا جیسا کہ دوسری احادیث میں ہے۔(از مرقات)

۴؎  یعنی اس روایت میں اللہ کے لیے نکاح کرنے کا ذکر نہیں۔
Flag Counter