روایت ہے حضرت عبداللہ ابن ابی اوفی سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ہری ٹھلیا کے نبیذ سے پینے سے منع فرمایا ۱؎ میں نے عرض کیا کہ کیا ہم سفید میں پی لیا کریں فرمایا نہیں ۲؎(بخاری)
شرح
۱؎ مٹی کی ٹھلیا جس میں ہرا روغن کیا گیا ہو،یہ شراب کا خاص برتن تھا،یہ حدیث بھی منسوخ ہے اس کی ناسخ حدیث پہلے گزرگئی۔ ۲؎ یعنی اس میں بھی نبیذ نہ بناؤ اور اس کا بنایا ہوا نبیذ ہرگز مت پیو کہ یہ شراب کا برتن ہے،رنگ کا اعتبار نہیں برتن کا اعتبار ہے،یہ حدیث بھی منسوخ ہے۔