| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے ان ہی سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ اونٹ کے پینے کی طرح ایک سانس میں نہ پیو لیکن دو دو اور تین تین سانسوں میں پیو ۱؎ اور جب تم پیو تو بسم اللہ پڑھو اور جب تم الٹاؤ تو الحمدﷲ پڑھو ۲؎(ترمذی)
شرح
۱؎ یعنی بہتر تو یہ ہی ہے کہ تین سانسوں میں پیو دو سانسیں درمیان میں لو ایک آخر میں یا دو سانسوں میں پیو کہ ایک سانس پینے کے بیچ میں لو دوسری آخر میں مگر ہر سانس برتن کو منہ سے الگ کر کے لو۔ ۲؎ یعنی جب پینے لگو تو بسم اﷲ پڑھو اور جب پی چکو تو الحمدﷲ کہو۔احیاء العلوم میں امام غزالی فرماتے ہیں بسم اللہ پڑھ کر پینا شروع کرے پہلی سانس لینے پر کہے الحمدﷲ،دوسری سانس لینے پر کہے الحمدﷲ رب العالمین،تیسری سانس پر کہے الرحمن الرحیم۔(اشعۃ اللمعات)اس کے متعلق اور دعا میں بھی منقول ہیں۔