Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
104 - 975
حدیث نمبر 104
روایت ہیں حضرت اسماء بنت یزید سے ۱؎  فرماتی ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں کھانا لایا گیا تو حضور نے ہم پر پیش فرمایا ہم نے عرض کیا ہم کو خواہش نہیں۲؎ فرمایا بھوک اور جھوٹ جمع نہ کرو ۳؎(ابن ماجہ)
شرح
۱؎ آپ اسماء بنت یزید ابن سکن ہیں،انصاریہ صحابیہ ہیں،بہت عاقلہ بہادر تھیں،جنگ یرموک میں حاضر ہوئیں، خیمہ کی چوب سے نو کافر مارے۔(اشعہ)

۲؎  یعنی رسم کے مطابق ہم نے کہہ دیا کہ ہم کو بھوک نہیں کھانے کی خواہش نہیں۔

۳؎  یعنی اگر کھانے کی خواہش ہو تو کھالو ایسا نہ ہو کہ خواہش ہو تو مگر خلاف واقعہ کہہ دو کہ ہم کو خواہش نہیں۔اس میں دنیاوی نقصان بھی ہے اور کھانے سے محرومی بھی اور دینی نقصان بھی ہے جھوٹ کا گناہ بھی۔بزرگانِ دین فرماتے ہیں کہ نہ تو کھانے والا جھوٹی تواضع کرے نہ آنے والا جھوٹا تکلف۔اگر کھانے والے کے پاس کافی ہو تو کہے کہ آؤ کھالو ورنہ نہ کہے یہ ہی آنے والے کو چاہیے کہ اگر خواہش ہو تو بیٹھ جائے کھالے ورنہ معذرت کردے اسلام میں تکلف نہیں۔
Flag Counter