۱؎ آپ تابعی ہیں،ثقہ ہیں،عالم ہیں،آپ کے والد کا نام یا عون ہے نون سے یا عوف ہے ف سے،نون سے عون زیادہ مشہور ہے۔
۲؎ بنی مصطلق قبیلہ خزاعہ کا ایک خاندان ہے،مریسیع مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ایک جگہ کا نام ہے۔حضرت عبداﷲ ابن عون نے جناب نافع سے پوچھا تھا کہ کیا جہاد سے پہلے کفار کو دعوت اسلام دینا واجب ہے یا ان پر اچانک حملہ کر دینا بھی جائز ہے جب کہ وہ بالکل بے خبر ہوں تب حضرت نافع نے یہ حدیث انہیں لکھ بھیجی جس سے یہ معلوم ہورہا ہے کہ اول اسلام میں جہاد سے پہلے تبلیغ واجب تھی پھر یہ حکم نہ رہا۔دیکھو حضور انور نے بنی مصطلق پر اچانک حملہ فرمایا،اس غزوہ میں حضرت جویریہ بنت حارث گرفتار ہو کر آئیں جنہیں آزاد فرما کر حضور نے ان سے نکاح کیا،رضی اللہ عنہا۔
۳؎ یعنی مجبورومعذور و بےقصور بچوں،بوڑھوں،دیوانوں،بے بس عورتوں وغیرہم کو قیدی بنالیا۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ غافل کفار پر اچانک حملہ کردینا جائز ہے،ان کا مال غنیمت لوٹنا،ان کے جوان جنگجو لوگوں کو قتل کرنا،ان کے بچوں عورتوں کو لونڈی غلام بنانا جائز ہے۔