Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
826 - 1040
حدیث نمبر826
روایت ہے حضرت نعمان ابن مقرن سے ۱؎  فرماتے ہیں کہ میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ جہاد میں حاضر ہوا ۲؎  جب حضور اول دن میں جنگ نہ کرتے تو انتظار فرماتے حتی کہ ہوائیں چلتیں اور وقت نماز آجاتا۳؎(بخاری)
شرح
۱؎ آپ نعمان ابن عمرو ابن مقرن مزنی ہیں،سوید ابن مقرن کے بھائی،حضرت سوید فتح کے دن قبیلہ مزنیہ کے علمبردار تھے،آپ نے اپنے ساتھ بھائیوں ا ور چارسو ساتھیوں کے ساتھ ہجرت کی تھی،پھر بصرہ میں قیام پذیر رہے۔حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی طرف سے نہاوند کے گورنر تھے،وہاں ہی اکیس     ۲۱ھ؁  میں فوت ہوئے، رضی اللہ عنہ۔

۲؎ جہاد سے مراد جنس جہاد ہے یعنی بہت سے جہادوں میں شریک ہوا ہوں۔

۳؎ ارواح جمع ہے ریح کی چونکہ ریح اصل میں روح تھا واؤ  ی سے بدل گیا تھا اس لیے جمع  ارواح آئی،اریاح بھی آتی ہے مگر بہت کم۔ریاح اور ارواح بہت زیادہ،جمع کی جمع اراویح  یا اراییح ہے۔چونکہ بیچ دوپہری میں کفار سورج کی پوجا کرتے ہیں اس لیے اس وقت نماز نہیں ہے اور حضور اس وقت جہاد بھی نہ کرتے تھے،سورج ڈھلے سورج کی پوجا ختم ہوجاتی ہے،نماز ظہر پڑھنے لگتے ہیں نمازیوں کے لیے دعائیں شروع ہوجاتی ہیں،دوپہری کی شدت جاتی رہتی ہے،قدرے ٹھنڈی ہوا بھی چلنے لگتی ہے اس لیے حضور اس وقت جہاد فرماتے تھے۔(مرقات)
Flag Counter