۱؎ محرمات تحریم سے بنا یعنی حرام کی ہوئی عورتیں جن سے نکاح درست نہیں۔خیا ل رہے کہ عورتیں تین وجہ سے حرام ہوتی ہیں: نسب، سسرالی رشتہ،دودھ یعنی رضاعت،نسب کی وجہ سے چار قسم کی عورتیں حرام ہیں(۱)اپنی اولاد جیسے بیٹی،نواسی،پوتی، اور انکی اولاد(۲)اپنے اصولی یعنی جن کی اولاد میں ہم ہیں،جیسے ماں دادی نانی وغیرہ تم اصولی(۳)اپنے قریبی اصولی یعنی ماں باپ کی مطلق اولاد جیسے بہن بھانجی بھتیجی اور ان کی تمام اولاد(۴)اپنے بعیدی اصولی یعنی دادا نانا کی قریبی اولاد جیسے خالہ پھوپھی کہ یہ خود تو حرام ہیں مگر ان کی اولاد حلال اور سسرالی رشتہ سے اپنی بیوی کی اولاد اور اس کی ماں دادی وغیرہ،اصولی حرام اپنی اولاد بیٹے پوتے نواسے کی بیوی، یوں ہی اصول کی بیویاں جیسے باپ دادا نانا کی بیوی،رضاعت یعنی شیر خوارگی سے تمام نسبی رشتہ کی طرح عورتیں حرام ہیں۔شعر
از جانب شیردہ ہمہ خویش شوند و از جانب شیر خوار زوجان و فروع
محارم عورتوں کو نکاح میں جمع کرنا حرام ہے یعنی جو دو لڑکیاں ایک دوسرے پر حرام ہوں انہیں نکاح میں جمع نہیں کرسکتے، جیسے دو بہنیں، پھوپھی،بھتیجی،خالہ بھانجی وغیرہ تفصیل کتب فقہ میں دیکھئے۔