Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
734 - 1040
حدیث نمبر734
روایت ہے حضرت ابو مالک اشعری سے فرماتے ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا کہ جو اﷲ کی راہ میں گھر سے نکلا ۱؎  پھرقتل کیا گیا اسے اس کے گھوڑے یا اونٹ نے کچل دیا اسے زہریلے جانور نے ڈس لیا ۲؎ یا اپنے بستر پر کسی سبب سے مر گیا جیسے اﷲ نے چاہا تو وہ شہید ہے ۳؎ اور اس کے لیے جنت ہے ۴؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ فصل یا تو باب ضرب سے ہے یعنی گھر سے جدا ہوا نکلا،رب تعالٰی فرماتاہے:"فَلَمَّا فَصَلَ طَالُوۡتُ بِالْجُنُوۡدِ"یا فصل باب تفعیل سے ہے یعنی جس نے اپنے کو اپنے وطن سے جدا کیا جہاد کے لیے یا حج کے لیے یا طلب علم کے لیے۔

۲؎ عربی میں ھامہ وہ زہریلا جانور ہے جس کا زہر قاتل ہو جیسے سانپ وغیرہ اور سامہ وہ زہریلا جانور ہے جس کا زہر تکلیف دہ تو ہو قاتل نہ ہو جیسے بچھو بھڑ وغیرہ۔

۳؎ یا شہید حقیقی یا شہید حکمی جیسا کہ گزشتہ فرمان سے ظاہر ہے ظلمًا مقتول تو شہید حقیقی ہے اور زہر یلے جانور وغیرہ سے مرنے والا شہید حکمی۔

۴؎ فقہاء فرماتے ہیں کہ سفر کی موت شہادت ہے  اس کا ماخذ یہ حدیث ہے سفر سے مراد راہِ خدا کا سفر ہے۔
Flag Counter