Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
721 - 1040
حدیث نمبر721
روایت ہے حضرت ابو امامہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے تمام خیراتوں میں افضل اﷲ کی راہ میں خیمہ کا سایہ ہے ۱؎  اور اﷲ کی راہ میں خادم کا عطیہ ہے ۲؎  یا راہ خدا میں نر کی سواری ہے۳؎(ترمذی)
شرح
۱؎  اس طرح کہ مجاہدین کو بالکل یا عاریۃً خیمہ دے دیا جائے کہ وہ سفر جہاد میں اس کے سایہ میں بیٹھا کریں،اسی طرح حجاج کو عرفات وغیرہ میں خیمہ،شامیانہ لگادینا،اگر طلباء میدان میں بیٹھ کر پڑھتے ہوں مدرسہ کی عمارت نہ ہو ان کے لیے سایہ کا انتظام کردینا،جہاں مسجد نہ ہو وہاں نمازیوں کے لیے شامیانہ یا خیمہ لگادینا سب ہی اس میں داخل ہیں۔قسطاط ہر چھوٹے بڑے خیمہ کو کھا جاتا ہے۔

۲؎ غازیوں،حاجیوں،دینی علماءوطلباء کی خدمت کے لیے کوئی آدمی مقرر کردینا جس کی تنخواہ خود برداشت کرنا۔

۳؎ اس فرمان عالی کے دو معنی ہوسکتے ہیں:ایک یہ کہ مجاہدین کے لیے جو اونٹنیاں ہوں انہیں حاملہ کرنے کے لیے نر اونٹ عاریۃً دے دینا کہ یہ بھی ثواب ہے اس سے جو اونٹ کی نسل چلے گی اس پر مجاہدین جہاد کریں گے اسے ثواب ملیگا۔دوسرے یہ کہ مجاہد کو سواری کے لیے عاریۃً اونٹ دے دینا۔
Flag Counter