Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
618 - 1040
حدیث نمبر618
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن عمر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جو اپنے بھائی کی طرف ۱؎  ڈرانے کے لیے گھورے اسے اﷲ تعالٰی قیامت کے دن ڈرائے گا۲؎  یہ چاروں حدیثیں بیہقی نے شعب الایمان میں روایت کیں اور یحیی کی حدیث کے متعلق فرمایاکہ یہ منقطع ہے۳؎  اور اس کی روایت ضعیف ہے۴؎
شرح
۱؎  بھائی سے مراد مسلمان بھائی ہے یعنی جوشخص کسی مسلمان کو بلاقصور تیز نظر سے گھور کر ڈرائے ورنہ قصورمند کو گھورنا  ڈرانا ضروری ہے۔

۲؎ یہ حدیث اس باب میں لانے کا مقصد یہ ہےکہ  جب کسی کو بلاقصو ر گھو ر کرڈرانا اتنے بڑے وبال کا ذریعہ ہے تو جو ظالم حاکم لوگوں کو ستائے وہ کتنا بڑا مجرم ہوگا۔اس سے اشارۃً معلوم ہوا کہ مسلمان بھائی کو رحمت کی نظر سے دیکھنا ثواب ہے کہ اللہ تعالٰی اسے عنایت کی نظر سے دیکھے گا،یہ بھی معلوم ہواکہ انسان حکومت وسلطنت پاکر فرعون نہ بن جائے ،اپنی مسلمان رعایاکو اپنا دینی  بھائی سمجھے اور کافر رعایا کو اپنے دامن کرم میں چھپائے۔

۳؎  یہاں منقطع سے مراد مرسل ہے کیونکہ اس میں صحابی کاذکر نہیں  ،وہ صحابی ابو بکرہ ہیں مگر صرف ارسال مضر نہیں کیونکہ مرسل حدیث جمہور کےنزدیک مقبول ہے۔(مرقات)

۴؎ مرقات نے یہاں فرمایا کہ روایات یحیی موضوع ہیں۔خیال ہے کہ روایت مؤنث ہے مگر چونکہ فعیل صفت مشبہ میں  مذکر مؤنث یکساں ہیں اس لیے  ضعیفہ کہنا ضروری نہیں ضعیف بھی جائز ہے۔
Flag Counter