| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے حضرت عائذ ابن عمرو سے ۱؎ فرماتے ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا کہ بدترین والی ظالم لوگ ہیں ۲؎(مسلم)
شرح
۱؎ آپ مدنی ہیں،بیعۃ الرضوان والے صحابہ میں سے ہیں،اواخر عمر میں بصرہ میں قیام فرما رہے،وہاں ہی وفات پائی،خواجہ حسن بصری وغیرہ نے آپ سے احادیث روایت کیں۔ ۲؎ رعاء رے کے پیش اور عین کے مد سے ہے راعی کی جمع ہے جیسے تاجر کی جمع تجار اور نحوی کی جمع نحاۃ اور رامی کی جمع رمات،حطمہ ح کے پیش اور ط کے فتحہ سے حاطم کی جمع مشتق ہے حاطم سے بمعنی توڑنا،کچل دینا یعنی بدترین سلطان و حکام وہ ہیں جو رعایا کی کمر توڑ دیں،ان پر ٹیکسوں گرانیوں سخت احکام سے رعایا کو پریشان کردیں جیساکہ آج کل عمومًا دیکھا جارہا ہے۔