Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
558 - 1040
حدیث نمبر558
روایت ہے حضرت ابو موسیٰ اشعری سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا تین شخص جنت میں نہ جائیں گے عادی شرابی،قاطع الرحم ۱؎ اور جادو کی تصدیق کرنے والا ۲؎(احمد)
شرح
۱؎ قاطع رحم عام ہے عاق سے کیونکہ عاق ماں باپ کا نافرمان ہے اور قاطع رحم اپنی نسبی عزیزوں پر زیادتی کرنے والا یا ان کے حقوق ادا نہ کرنے والا باوجود قدرت کے،مسلمان پر ماں باپ،بھائی بہن،خالہ،ماموں وغیرہم بلکہ  بیوی اور اس کے والدین کے بھی حقوق ہیں۔ان حقوق کی تفصیل اعلیٰ حضرت قدس سرہٗ کی کتاب شرح الحقو ق لطرح العقوق میں ملاحظہ فرمایئے۔مسلمان کو چاہیے کہ اپنے رشتہ داروں سے خبردار رہے کہ میرا کون کون رشتہ دار ہے اور ان سے میرا کیا رشتہ ہے تاکہ ان کے حقوق بقدر قرابت ادا کرے۔

۲؎ یعنی جادو کو حق یعنی حلال جاننے والا یا اس کی تاثیر بذاتہٖ کا قائل جادوکرنا حرام ہے اسے حلال جاننا بے دینی ہے ورنہ جادو میں رب تعالٰی نے تاثیر رکھی ہے جس کا ثبوت قرآن مجید سے ہے،رب تعالٰی فرماتاہے:"یُفَرِّقُوۡنَ بِہٖ بَیۡنَ الْمَرْءِ وَزَوْجِہٖ"لہذا جادو کو برحق تاثیر ماننے والا مؤمن ہے اسے حلال جاننے والا کافر،یہاں دوسری صورت کا ذکر ہے۔
Flag Counter