Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
524 - 1040
حدیث نمبر524
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس وہ شخص لایا گیا جس نے شراب پی لی تھی ۱؎ فرمایا اسے مارو تو ہم میں سے بعض اپنے ہاتھ سے مارنے والے تھے بعض اپنے کپڑے سے اور بعض اپنے جوتے سے ۲؎ پھر فرمایا اسے ملامت کرو ۳؎ تو لوگ اس پر متوجہ ہوکر کہنے لگے تجھے اﷲ سے خوف نہ ہوا تو اﷲ سے نہ ڈرا تو نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم سے شرم نہ کی ۴؎ بعض قوم نے کہا تجھے اﷲ رسوا کرے ۵؎ فرمایا ۶؎ یوں نہ کہو نہ اس پر شیطان کی مددکرو ۷؎لیکن یوں کہو خدا اسے بخش دے الٰہی اس پر رحم کر ۸؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ شراب انگوری یعنی خمر پی تھی جیساکہ بعض روایات میں لفظ خمر ہے۔(مرقات)

۲؎ ظاہر یہ ہے کہ نجس جوتے سے نہ مارا ہوگا جس سے اس کا جسم نجس ہوجائے،جوتے سے مارنا اظہار غضب اور اظہار ذلت کے لیے ہے کہ یہ فعل بہت ذلیل ہے۔

۳؎ یعنی اسے زبان سے برا بھلا کہو یہ حکم استحبابی ہے اور پہلا حکم اضربوہ وجوبی تھا کیونکہ شرابی کو مار کی سزا دینا واجب ہے زبان سے ملامت کرنا مستحب۔سبحان اﷲ! خود برا نہیں کہتے لوگوں کو اس کا حکم دیتے ہیں،خود تو معافی کی دعائیں دیتے ہیں ہم جیسے مجرم بھی ان کے کرم میں ہیں۔

۴؎ معلوم ہوا کہ مسلمان کو ہر گناہ میں اﷲ تعالٰی کے خوف کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ و سلم سے شرم بھی چاہیے کہ حضور ہمارے اعمال پر خبردار ہیں ہمارے گناہوں کو حضور دیکھ رہے ہیں اﷲ تعالٰی فرماتاہے: "وَیَکُوۡنَ الرَّسُوۡلُ عَلَیۡکُمْ شَہِیۡدًا"۔ اعلیٰ حضرت قدس سرہ نے کیا خوب فرمایا۔شعر

دن لَہْو میں کھونا تجھے شب نیند بھر سونا تجھے

شرمِ نبی خوفِ خدا  یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں

اسی طرح ہر نیک عمل میں رب تعالٰی کی رضا اور حضور کی خوشنودی کی نیت کرنی چاہیے رب تعالٰی فرماتاہے:"وَاللہُ وَرَسُوۡلُہٗۤ اَحَقُّ اَنۡ یُّرْضُوۡہُ"حضور کو ہماری نیکیوں سے خوشی ہوتی ہے۔

۵؎ دنیا میں یا آخرت میں یا دونوں جگہ یعنی اس نے بجائے ملامت کے بددعا کی،بجائے نصیحت کے فضیحت کی۔

۶؎ اس رحمت والے نبی نے اس غموں کے دور کرنے والے رسول نے۔(مرقات)جس کا دامن ستاری ہم سب مجرموں کے لیے پھیلا ہوا ہے۔

۷؎ کیونکہ تمہاری اس بد دعا کا مطلب تو یہ ہوا کہ یہ بار بار شراب پیا کرے اور سزا پایا کرے شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ تم تو شیطان کی آرزو پوری ہونے کی دعا کررہے ہو۔

۸؎  یعنی یوں کہو کہ الٰہی اس کی گزشتہ شراب نوشی وغیرہ کو معاف فرما اور آئندہ گناہوں سے بچنے نیک اعمال کرنے کے توفیق دے اس پر رحم فرما۔یا ارحم الراحمین اس صحابی کا صدقہ کہ مجھ سیاہ کار بدکردار احمدیار پر بھی رحمت فرما میری گزشتہ بدکاریوں کو بخش آئندہ نیکیوں کی توفیق دے۔آمین!
Flag Counter