Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
495 - 1040
حدیث نمبر495
روایت ہے حضرت عبادہ ابن صامت سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اﷲ کی سزائیں قریبی اور دوری لوگوں میں قائم کرو ۱؎  اور تم کو اﷲ کی راہ میں ملامت کرنے والے کی ملامت مانع نہ ہو۲؎(ابن ماجہ)
شرح
۱؎ یعنی شہر میں رہنے والے مجرموں پر حد قائم کرو جو حاکم سے قریب رہتے ہیں اور دیہاتی لوگوں پر بھی حد قائم کرو جو حاکم سے دور رہتے ہیں یا جو تم سے رشتہ میں دور ہوں ان پر بھی حد قائم کرو،جو دور نہ ہوں ان پر بھی قائم کردو یا مالدار چودھری مجرموں پر بھی حد قائم کرو جو مالداری کی بنا پر حکام سے قریب رہتے ہیں اور غریب مسکین مجرموں پر بھی حد قائم کرو جو اپنی مفلسی کی وجہ سے حکام سے دور رہتے ہیں غرضکہ ہر مجرم پر قائم کرو۔

۲؎ یعنی شرعی سزائیں دینے میں کسی کافر،منافق،بے دینی کی لعنت ملامت کی پرواہ نہ کرو کسی کی رعایت نہ کرو کہ سخت سزاؤں سے ہی امن و امان قائم رہتی ہے ورنہ قوم کا وہ حال ہوتا ہے جو آج ہمارا ہے کہ نہ جان محفوظ ہے نہ مال نہ عزت آبرو یہ صرف اس لیے ہے کہ ہمارے ہاں سزائیں ہلکی ہیں وہ بھی بڑے لوگوں کو نہیں ملتیں۔دُرود ہو اس ذات کریم پر جو ہم کو سب کچھ سکھا گئے اﷲ تعالٰی عمل کی توفیق دے۔
Flag Counter