| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے ہم اس کو معافی نہ دیں گے جو دیت لینے کے بعد قتل کردے ۱؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ یعنی جو ولی مقتول قاتل سے دیت لے لے پھر اسے قتل بھی کردے تو اسے معاف نہ کیا جائے گا۔ (لایعفی)یا اسے میں نہ معاف کروں گا(لااعفی)۔اس حدیث کی بنا پر بعض علماء نے فرمایا کہ ایسے ولی کو جو دیت لےکر بھی قاتل کوقتل کردے قتل کیا جائے گا مگر مذہب جمہور یہ ہے کہ اسے قتل نہ کیا جائے گا بلکہ کوئی اور سزا دی جائے گی۔اسے لا اعفی باب افعال کا ماضی مجہول بھی پڑھا گیا ہے جملہ بد دعا یعنی اﷲ کرے اس کو معاف نہ کیا جائے،غرضکہ جمہور علماء کے نزدیک اس معاف نہ فرمانے سے مراد قتل کر دینا نہیں۔