Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
370 - 1040
حدیث نمبر370
روایت ہے حضرت جندب ابن عبداﷲ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے تم سے پہلے والی امتوں میں ایک شخص تھا جسے زخم تھا وہ گھبرا گیا اس نے چھری لی اس سے اپنا ہاتھ کاٹ لیا ۱؎ پھر اس کا خون نہ تھما حتی کہ مرگیا اﷲ تعالٰی نے فرمایا کہ میرے بندے نے مجھ پر ۲؎ جلدی کی میں نے اس پرجنت حرام کردی ۳؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ حز  ح مہملہ سے بھی ہے اور جیم معجمہ سے بھی ہے دونوں کے معنے ہیں کاٹ لینا،اس نے اپنی نبض پر شگاف دے لیا جس سے سارا خون نچڑ گیا وہ ہلاک ہوگیا۔

۲؎ اس طرح کہ اپنی موت کے لیے ہمارے بلاوے کا انتظار نہ کیا،خود بغیر بلائے آنے کی کوشش کی لہذا اس حدیث پریہ اعتراض نہیں کہ اس کی موت لکھی ہی یوں تھی جیسے قاتل دوسرے کو قتل کرکے گنہگار ہوتا ہے ایسے ہی اپنے کو قتل کرکے بھی مجرم ہوتا ہے۔

۳؎ یعنی اس وقت اس کا جنت میں داخلہ حرام فرمادیا،سزا پاکر دوزخ کی جیل بھگت کر پھر جنت میں جاوے گا اور اگر وہ شخص کافر تھا تو کسی تاویل کی ضرورت نہیں مگر پہلے معنے زیادہ موزوں ہیں جیساکہ روش کلام سے معلوم ہورہا ہے کہ یہ حرام ہونا خودکشی کی وجہ سے تھا نہ کہ کفر کی وجہ سے۔
Flag Counter