Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
356 - 1040
حدیث نمبر356
روایت ہے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنھما سے کہ عقبہ ابن عامر کی بہن نے نذر مانی کہ پیدل حج کریں ۱؎ اور وہ اس کی طاقت نہ رکھتی تھیں تو فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ اﷲ تعالٰی تمہاری بہن کے پیدل چلنے سے بے نیاز ہے وہ سوار ہوجائیں اور ایک ہدی لے جائیں۲؎ (ابو داؤد،دارمی)اور ابو داؤد کی روایت میں ہے کہ انہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا  کہ سوار ہوجائیں اور ہد ی لے جائیں۳؎  اور ان کی ایک روایت میں ہے کہ فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ اﷲ تعالٰی تمہاری بہن کی اس مشقت سے کچھ نہ کرے گا۴؎ وہ سوار ہوجائیں،حج کرلیں اور اپنی قسم کا کفارہ دیں ۵؎
شرح
۱؎ اس طرح کہ مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ پیدل جاکر حج کریں۔

۲؎ امام شافعی کے ہاں بدنہ صرف اونٹ کو کہتے ہیں،امام اعظم کے ہاں بدنہ میں اونٹ و گائے بکری سب شامل ہیں یعنی ڈیل دار جانور۔

۳؎ بعض علماء فرماتے ہیں کہ یہ ہدی کا حکم استحبابی ہے اس صورت میں اس پر کفارہ قسم یا کفارہ نذر واجب ہے مگر حضرت علی فرماتے ہیں کہ اس صورت میں ہدی واجب ہے۔

۴؎  شقاء بمعنی مشقت ہے سعادت کا مقابل نہیں یعنی اس کے معنے بدبختی کم نصیبی نہیں۔مطلب یہ ہے کہ تمہاری بہن کی اس مشقت سے رب تعالٰی خوش نہیں۔

۵؎ کفارہ سے مراد کفارہ قباحۃ حج ہے ہدی یا اس کے قائم مقام دس روزے لہذا یہ عبارت گزشتہ عبارت کے خلاف نہیں مگرچونکہ یہ کفارہ اس نذر کی بنا پر واجب ہوا لہذا اسے نذرکی طرف منسوب فرمادیا گیا۔(مرقات)
Flag Counter