Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
3 - 1040
حدیث نمبر 3
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے عورت سے چار وجہوں سے نکاح کیا جاتا ہے اس کے مال پر خاندان پر حسن پر اور دین پر تم دِین والی کو اختیار کرو ۱؎ گرد آلود ہوں تمہارے ہاتھ ۲؎ ( مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ یعنی عام طورپر لوگ عورت کے مال،جمال اور خاندان پر نظر رکھتے ہیں ان ہی چیزوں کو دیکھ کر نکاح کرتے ہیں مگر تم عورت کی شرافت ودینداری تمام چیزوں سے پہلے دیکھو کہ مال و جمال فانی چیزیں ہیں دین لازوال دولت،نیز دیندار ماں دیندار بچے جنتی ہے ڈاکٹر اقبال نے کیا خوب فرمایا شعر۔

بے ادب ماں با ادب اولاد جن سکتی نہیں		معدن زر معدن فولاد بن سکتی نہیں

ماں فاطمہ جیسی ہو تو اولاد حسنین جیسی ہوتی ہے،ڈاکٹر صاحب فرماتے ہیں۔شعر

بتولے باش  پنہا ں  شوازیں   عصر	کہ در  آغوش  شبیرے    بگیری

۲؎ یعنی اگر تم ہمارے اس فرمان پر عمل نہ کرو تو پریشان ہوجاؤ گے فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جو عورت کا صرف مال دیکھ کر نکاح کرے گا وہ فقیر رہے گا،جو صرف خاندان دیکھ کر نکاح کرے گا وہ ذلیل ہوگا اور جو دین دیکھ کر نکاح کرے گا اسے برکت دی جائے گی ( مرقات ) مال ایک جھٹکے میں،جمال ایک بیماری میں جاتا رہتا ہے۔
Flag Counter