| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے حضرت مغیرہ ابن شعبہ سے فرماتے ہیں میں نے ایک عورت کو پیغام نکاح دیا ۱؎ تو مجھ سے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کیا تم نے اسے دیکھ لیا ہے میں نے کہا نہیں فرمایا اسے دیکھ لو کہ یہ دیکھنا تمہاری آپس کی دائمی محبت کا ذریعہ ہے ۲؎(احمد،ترمذی،نسائی،ابن ماجہ،دارمی)
شرح
۱؎ یا تو پیغام دینا چاہا یا ابھی معمولی بات چیت ہوئی پختہ بات ہوجانے اور ارادہ نکاح کرچکنے کے بعد یہ حکم نہ دیا۔ ۲؎ کیونکہ اگر بغیر دیکھے تم نے عورت سے نکاح کرلیا بعد نکاح دیکھنے پر تم کو پسند نہ آئی تو یا اسے طلاق دو گے یا اسے بغیر محبت کے بھگتو گے،جس سے تمہاری زندگی بھی تلخ ہوئی اور اس عورت کی بھی،دیکھ کر نکاح کرنے میں یہ اندیشے نہیں۔