Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
215 - 1040
حدیث نمبر 215
روایت ہے حضرت سلیمان ابن یسار سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ میں نے چند اور دس صحابہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کو پایا وہ تمام فرماتے تھے کہ ٹھہرایا جائے ایلاء کرنے والا۲؎(شرح سنہ)
شرح
۱؎ آپ کی کنیت ابو ایوب ہے،عطاء ابن یسار کے بھائی ہیں،ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کے آزاد کردہ غلام،تابعی ہیں،بڑے فقیہ محدث زاہد متقی ہیں،اہل مدینہ کے ساتھ فقہاء میں سے ہیں،۷۳ سال عمر ہوئی، ۱۰۷ھ؁ میں وفات پائی رضی اللہ  عنہ۔(اکمال)

۲؎  خاوند کا قسم کھالینا کہ میں اپنی بیوی سے چار ماہ تک صحبت نہ کروں گا ایلاء ہے اور قسم کھانے والا خاوند مولی ہے، ایلاء کا حکم ہمارے ہاں یہ ہے کہ اگر خاوند اس مدت میں قسم توڑ دے اور رجوع کرے تو اس پر قسم کا کفارہ واجب ہے ورنہ چار ماہ گزرنے پر ایک طلاق بائنہ واقع ہوجائے گی۔حدیث کے معنی ہمارے نزدیک یہ ہیں۔ایلاءکرنے والے کا معاملہ موقوف رکھا جائے چار ماہ تک طلاق کا حکم نہ دیا جائے،اگر اس مدت میں رجوع کرلیا تو خیر ورنہ یہ مدت گزرنے پر طلاق واقع ہوجائے گی۔یہ ہی قول ہے حضرت عثمان،علی،عبداﷲ ابن مسعود، عبداﷲ ابن عباس،عبداﷲ زبیر و دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا، بعض علماء فرماتے ہیں کہ چار ماہ گزر جانے پر طلاق واقع نہ ہوگی بلکہ اب اسے حاکم رجوع کرنے پر مجبور کرے گا اگر رجوع نہ کرے تو فسخ نکاح کا حکم دے گا۔ان کے ہاں حدیث کے معنے یہ ہیں کہ عدت گزرنے پر حاکم مولی کا معاملہ موقوف رکھے مگر امام اعظم کا قول بہت قوی ہے۔آیت قرآنیہ سے اس کی تائید ہوتی ہے اس کی نفیس تحقیق یہاں مرقات میں ملاحظہ فرمایئے۔
Flag Counter