| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم |
روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم جب جہاد کرتے تو کہتے الٰہی تو میری قوت بازو ہے،میرا مددگار ہے،تیرے بھروسہ ہی سے دفع کرتا ہوں تیری مدد پر حملہ کرتا ہوں،تیری امید سے جہاد کرتا ہوں ۱؎(ترمذی،ابوداؤد)
شرح
۱؎ احول حولٌ سے بنا بمعنی دشمن کے مکر و فریب کو پھیر دینا یا برائی سے اچھائی کی طرف پھر جانا یعنی الٰہی میں دشمن کے مقابل اپنی قوت،فوج، ہتھیاروں کے بھروسہ پر نہیں آیا ہوں،یہ تو فقط اسباب ہیں،بھروسہ تجھ پر ہے تو چاہے تو ابابیل سے فیل مروا دے،کمزور مسلمان سے قوی کفار کو ہلاک کرادے،دو بچوں سے ابوجہل کو ٹھکانے لگادے۔یہ وہ چیز ہے جو کفار کے پاس نہیں اور مسلمان انہی کی برکتوں سے فتح پاتے ہیں۔