مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم |
روایت ہے حضرت انس سے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم جب اپنے بستر پر جاتے تو فرماتے خدا کا شکر ہے جس نے ہمیں کھلایا پلایا بچایا اور ہمیں پناہ دی ۱؎ کیونکہ بہت وہ ہیں جنہیں نہ کوئی بچانے والا ہے نہ پناہ دینے والا ۲؎ (مسلم)
شرح
۱؎ کفایت سے مراد موذی جانوروں،آفتوں،بلاؤں سے محفوظ رکھنا،بچانا،حاجات پوری فرمانا۔پناہ دینے سے مراد ہے رہنے کے لیے گھر دینا،سردی گرمی سے بچنے کو بستر وغیرہ عطا فرمانا۔ ۲؎ چنانچہ کفار کو رب تعالٰی نے نفس،شیطان کے ہاتھوں میں چھوڑ دیا،اب وہ ہر طرح ا ن کے بس میں ہیں،اسی طرح بعض وہ مساکین ہیں جن کے پاس نہ در ہے نہ بستر،ایمان نفس و شیطان سے امان ہے،مکان و بستر مصیبتوں سے امان ہے،اﷲ کا شکر ہے کہ اس نے ہم کو دونوں امان عطا فرمائیں۔