Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم
40 - 671
حدیث نمبر40
روایت ہے حضرت خولہ بنتِ حکیم سے ۱؎ فرماتی ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا،جو کسی منزل پر اترے تو یہ کہہ لے میں اﷲ کے پورے و کامل کلمات کی پناہ لیتا ہوں اس کی ساری مخلوق کی شر سے ۲؎ تو اس منزل سے کوچ کرتے وقت تک اسے کوئی چیز نقصان نہ دے گی ۳؎(مسلم)
شرح
۱؎ آپ حضرت عثمان ابن مظعون کی بیوی ہیں،نہایت نیک اور عالمہ تھیں مگر  آپ سے صرف یہی ایک حدیث منقول ہے۔

۲؎ ان کلمات سے مراد یا تو قرآن کریم ہے یا ساری آسمانی کتب یا اسمائے الہیہ یا رب کا کلام نفسی یا اس کا علم یا اس کے فیصلے۔تام سے مراد ہے نقصان و عیب سے پاک۔صوفیاء فرماتے ہیں کہ کلمات اﷲ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم ہیں کیونکہ ان کی ہر بات وحی الٰہی ہے،عیسیٰ علیہ السلام کلمۃ اﷲ ہیں،موسیٰ علیہ السلام کلیم اﷲ ہیں اور ہمارے حضور کلمات اﷲ۔مخلوق سے وہ مخلوق مراد ہے جس سے شر ہوسکے،اس میں اپنا نفس بھی داخل ہے اور چیزیں بھی۔

۳؎ کفار عرب سفر کی منزلوں میں اترتے وقت کہتے تھے کہ ہم اس جنگل کے سردار کی پناہ لیتے ہیں یعنی جنات کی،اﷲ کے محبوب نے تو ہم کو اس کے عوض یہ دعا سکھائی۔یہ دعا سفر و حضر میں ہمیشہ ہی صبح شام پڑھا کریں،زہریلی چیزوں سے محفوظ ر ہو گے بہت مجرب ہے۔
Flag Counter