Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم
12 - 671
حدیث نمبر 12
روایت ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی بعض صاحبزادیوں سے  ۱؎  نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم انہیں سکھاتے تھے کہ فرماتے تھے صبح کے وقت یہ کہہ لیا کرو اﷲ پاک ہے اسی کا شکر ہے اﷲ کے بغیر قوت نہیں جو اﷲ نے چاہا ہوا  اور جو نہ چاہا  نہ ہوا ۲؎ میں جانتا ہوں کہ اﷲ ہر چیز پر قادر ہے اور اﷲ کا علم ہر چیز کو گھیرے ہے جوصبح کے وقت یہ کہہ لے گا تو شام تک اس کی حفاظت کی جائے گی اور جو شام کے وقت یہ کہے گا تو صبح تک اس کی حفاظت ہوگی ۳؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎ حضور علیہ السلام کی صاحبزادیاں چار ہیں:زینب،رقیہ،ام کلثوم،فاطمہ،تمام نے حضور علیہ السلام کو جوانی میں دیکھا ہے،سب کی شادی خود کی ہے،یہاں حضرت فاطمہ زہرا یا حضرت زینب وغیرہا مراد ہیں،چونکہ تمام صاحبزدیاں متفقہ طیبہ طاہرہ ہیں اس لیے ان کا نام معلوم نہ ہونا صحت حدیث کے لیے مضر نہیں۔

۲؎  سبحان اﷲ!کیسی پیاری حمد ہے یعنی اﷲ نے جس چیز کا ہونا چاہا وہ ہوگئی اور جس کا ہونا نہ چاہا وہ نہ ہوئی اور چاہنے نہ چاہنے میں اس کی صدہا حکمتیں ہیں  کیونکہ وہ ہر عیب سے پاک ہے اور برائیوں کو چاہنا اچھائیوں کو نہ چاہنا  اس کی شان سے بعید ہے۔خیال رہے کہ ارادہ،رضاء،مشیت میں فرق ہے۔رب تعالٰی ہر اچھی بری چیز کا خالق ہے اور ہر چیز اس کے ارادہ سے ہے مگر برائیوں سے راضی نہیں،کفار کا کفر،گنہگار کے گناہ رب تعالٰی کے ارادہ سے ہیں مگر اس کی رضا سے نہیں،یہاں مشیت بمعنی ارادہ ہے یعنی ہر چیز کا وجود  اس کی خلق و ارادہ سے ہے۔

۳؎ حصن حصین شریف میں ہے کہ ابو داؤد،نسائی،ابن سنی نے عمل الیوم اللیلہ میں عبدالحمید مولی بنی ہاشم عن امہ عن بعض بنات النبی ہے،عبدالحمید کی والدہ کا نام معلوم نہ ہوسکا غالبًا یہ صحابیہ ہیں۔
Flag Counter