| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم |
روایت ہے حضرت حذیفہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے مسلمان کو یہ لائق نہیں کہ اپنے کو ذلیل کرے ۱؎ لوگوں نے پوچھا حضور ذلیل کیسے کرے فرمایا اپنے کو ان آفتوں پر پیش کرے جن کی طاقت نہ رکھتا ہو ۲؎(ترمذی،ابن ماجہ،بیہقی شبگ الایمان)اور ترمذی نے فرمایا یہ حدیث حسن ہے غریب ہے۔
شرح
۱؎ یعنی اپنی خواہش اور مرضی سے اپنے کو ذلت میں نہ ڈالے لہذا یہ فرمان اس حدیث کے خلاف نہیں کہ مؤمن علت وقلت یا ذلت سے خالی نہیں رہتا ،یہاں ذلت سے مراد عزت کےمقابلے میں ذلت نہیں بلکہ بےبسی مراد ہے ۲؎ یعنی یا تو رب سے سختیاں مانگ لے یا اپنے آپ کو بلا ضرورت سختیوں میں ڈال لے لہذا یہ حدیث احکام جہاد کے خلاف نہیں۔بدر میں ۳۱۳ بے سامان صحابہ ہزار ہتھیار بند کفار کے مقابلہ میں ڈٹ گئے کہ وہاں دینی ضرورت تھی۔