Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
94 - 5479
حدیث نمبر 94
روایت ہے حضرت ابو ذر سے فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا حضور کعبہ کے سایہ میں جلوہ گر تھے جب حضور نے مجھے دیکھا تو فرمایا رب کی قسم وہ لوگ بڑے خسارے میں ہیں ۱؎ میں نے عرض کیا میرے ماں باپ آپ پر فدا وہ کون لوگ ہیں فرمایا بڑے مالدار لوگ بجز اس کے جو یوں اور یوں اور یوں  دے۲؎ یعنی آگےپیچھے دائیں بائیں اور وہ ہیں بہت تھوڑے ۳؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  حضرت ابو ذر غفاری وہ ہیں جنہوں نے امیری پر لات مار کر فقیری اختیار کی تھی،حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ ہمت افزا کلام ان کی عزت افزائی کے لیے فرمایا یعنی اے ابو ذر تم خسارہ میں نہیں خسارہ میں عمومًا مالدار لوگ ہیں۔

۲؎ یہاں قَالَ بمعنی فَعَلَ ہے اور فعل سے مراد صدقہ و خیرات،یہ محاورہ عربی میں بہت عام ہے۔ (لمعات)یعنی وہ سخی جو بلا گنتی دونوں ہاتھ بھر بھر کر نیکیوں میں خرچ کرے خسارہ میں نہیں۔

 ۲؎ ان چار سمتوں سے مراد ہر نیکی ہر جگہ نیکی ہر حال میں نیکی کرنا ہے اپنے وطن میں بھی خرچ کرے،حرمین شریفین میں بھی بھیجے،جہاں مسلمانوں کو یا اسلام کو ضرورت ہو وہاں پہنچائے۔واقعی ایسی توفیق والے تھوڑے مالدار ہیں،رب تعالٰی فرماتاہے:"وَقَلِیۡلٌ مِّنْ عِبَادِیَ الشَّکُوۡرُ"۔عمومًا مالداروں پر فضول خرچیوں،بدکاریوں اور عیاشیوں کے دروازے کھل جاتے ہیں،اﷲ تعالٰی عثمان غنی کے خزانہ کا پیسہ عطا فرمائے۔
Flag Counter