Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
6 - 5479
حدیث نمبر 6
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن ابی اوفی سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جب کوئی قوم اپنا صدقہ لاتی ۲؎ تو آپ فرماتے الٰہی فلاں کی اولاد پر رحمتیں نازل کر۳؎ میرے والد اپنا صدقہ لائے تو آپ نے فرمایا الٰہی ابی اوفی کی اولاد پر رحمت کر۴؎ (مسلم،بخاری)اور ایک روایت میں یوں ہے کہ جب کوئی شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں اپنا صدقہ لاتا تو آپ فرماتے الٰہی اس پر رحمت کر۔
شرح
۱؎ یہ دونوں باپ بیٹے صحابی ہیں اور یہ عبداﷲ کوفہ کے آخری صحابی ہیں جنہوں نے وہاں وفات پائی۔(اشعہ)

۲؎  ظاہر یہ ہے کہ یہاں صدقہ سے مراد سونے چاندی وغیرہ باطنی مالوں کی زکوۃ ہے کیونکہ ظاہری مالوں کی زکوۃ تو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کا عامل جاکر خود ان کے گھروں سے لاتا تھا،صحابہ کرام کی عقیدت یہ تھی کہ ہمارے صدقات حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دست مبارک سے خیرات فرمائیں تاکہ اس ہاتھ کی برکت سے رب تعالٰی قبول فرمائے۔اب بھی مسلمان ایصال ثواب کرتے وقت پہلے حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کا نام شریف لیتے ہیں اس کی اصل یہ حدیث ہے۔

۳؎ اَللّٰھُمَّ صَلِّ درود ہے۔حق یہ ہے کہ غیرنبی پر مستقلًا درود پڑھنا منع ہے حضور علیہ السلام کا یہ ارشاد فرمانا آپ کی خصوصیات میں سے ہے کیونکہ درود شریف آپ کا حق ہے آپ جس کو چاہیں اپنا حق دیں۔بعض نے فرمایا یہاں صلوۃ لغوی معنے میں ہے مگر پہلا قول قوی ہے۔(مرقات ولمعات)حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمانا اس آیت پرعمل تھا"وَصَلِّ عَلَیۡہِمْ  اِنَّ صَلٰوتَکَ سَکَنٌ لَّہُمْ"۔سنت یہ ہے کہ زکوۃ وصول کرنے والا دینے والے کو دعائیں دے اگرچہ احتیاط یہ ہے کہ زکوۃ دینے والا اس وقت دعا کے لیے بھی نہ کہے کہ کہیں یہ دعا کرانا اس صدقہ کا عوض نہ بن جائے،دیکھو یہ صحابہ اس وقت حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم سے دعا کے لیے نہیں کہتے تھے مگر حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم دعائیں دیتے تھے تو وہ ایسے کریم ہیں کہ عطا کرکے دعا دیتے ہیں۔شعر

آتا ہے فقیروں پہ انہیں پیار کچھ ایسا	خود بھیک دیں اور خودکہیں منگتے کا بھلا ہو

۴؎  حضرت عبداﷲ فخریہ طور پر خدا کا شکر ادا کررہے ہیں کہ حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم کی دعائیں ہمیں اور ہمارے والد کو بھی مل چکی ہیں،بعض نے فرمایا کہ یہاں لفظ آل زائد ہے مگر حق یہ ہے کہ آل اپنے معنے ہی میں ہے،حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم صرف ان لوگوں ہی کو نہیں بلکہ ان کے بال بچوں سارے گھر والوں کو بھی دعائیں دیتے ہیں۔
Flag Counter