Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
569 - 5479
حدیث نمبر 569
روایت ہے حضرت معاویہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت بند نہ ہوگی ۱؎ حتی کہ توبہ بند ہو اور توبہ بند نہ ہوگی حتی کہ سورج اپنے مغرب کی طرف سے نکلے ۲؎(احمد،ابوداؤد،دارمی)
شرح
۱؎ ہجرت کے معنے ہیں چھوڑنا یا منتقل ہونا،یہاں اس سے مراد کفر سے ایمان کی طرف،دار شرک سے دارالسلام کی طرف،گناہوں سے توبہ کی طرف،غفلت سے بیداری کی طرف،کفران سے غفران کی طرف منتقل ہونا ہے، یہ ہجرتیں قریب قیامت تک ہوتی رہیں گی۔مکہ معظمہ سے ہجرت غلبۂ کفر نہ رہنے کی بنا پرختم ہوچکی،حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے دن فرمایا"لَا ھِجْرَۃَ بَعْدَ الْیَوْمِ"اور حضرت عباس کو ختم المہاجرین قرار دیا گیا یعنی مکہ معظمہ سے آخری مہاجر لہذا احادیث میں تعارض نہیں۔

۲؎  خلاصہ یہ ہے کہ توبہ اور ہجرتوں کا سلسلہ قریب قیامت تک قائم رہے گا۔خیال رہے کہ اسلام میں نہ زمین گھومتی ہے نہ آسمان بلکہ چاند سورج اور تارے آسمان پر تیر رہے ہیں جیسے سمندر میں کشتیاں،رب تعالٰی فرماتا ہے:"کُلٌّ فِیۡ فَلَکٍ یَّسْبَحُوۡنَ"تو جو رب انہیں ہمیشہ مشرق سے مغرب کی طرف تیرانے پر قادر ہے وہ اس کے برعکس بھی تیرا سکتا ہے۔
Flag Counter