Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
553 - 5479
حدیث نمبر 553
روایت ہے حضرت ابو موسیٰ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ اﷲ تعالٰی اپنا دستِ کرم رات کو پھیلاتا ہے تاکہ دن کا گنہگار توبہ کرلے اور دن کو پھیلاتا ہے کہ رات کا گنہگار توبہ کرلے ۱؎ یہ کرم نوازی اس وقت تک ہوگی جب کہ سورج پچھم سے نکلے۲؎(مسلم)
شرح
۱؎ ہاتھ پھیلانے سے مراد عفووکرم کا وسیع کردینا پھیلا دینا ہے۔مقصد یہ ہے کہ رب کا کرم بہت وسیع ہے، گنہگار کو ہر وقت کرم میں لینے کو تیار ہے کوئی آنے والا ہو۔

۲؎ اس وقت توبہ کا دروازہ بند ہوجاے گا،رب تعالٰی فرماتاہے:"یَوْمَ یَاۡتِیۡ بَعْضُ اٰیٰتِ رَبِّکَ لَا یَنۡفَعُ نَفْسًا اِیۡمٰنُہَا" الخ۔مرقاۃ نے یہاں فرمایا کہ اس  وقت سے ان  لوگوں  کی  توبہ  قبول  نہ  ہوگی  جو سورج  کو  پچھم سے نکلتے  دیکھیں لیکن جو لوگ اس واقعہ کے بعد پیدا ہوں ان کی توبۂکفربھی قبول ہوگی اور توبۂ گناہ بھی کہ انہوں نے علامات قیامت دیکھی ہی نہیں۔حضرت استاذومرشد صدرالافاضل مراد آبادی قدس سرہ فرماتے تھے کہ اس وقت کے بعد انسان کی پیدائش ہی بند ہوجائے گی۔غرضکہ آیت وحدیث میں ان لوگوں کا ذکر ہے جو پہلے گناہ کرتے رہے توبہ نہ کی،یہ علامت دیکھ کر توبہ کرنے لگے ان کی توبہ قبول نہیں کہ غیب کھل جانے کے بعد توبہ کیسی۔
Flag Counter