| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم |
روایت ہے حضرت فروہ بن نوفل سے وہ اپنے والد سے راوی ۱؎ کہ انہوں نے عرض کیا یارسول اﷲ مجھے ایسی چیز سکھائیے جو میں بستر پر دراز ہوتے وقت پڑھ لیا کروں تو فرمایا"قُلْ یٰۤاَیُّہَا الْکٰفِرُوۡنَ" پڑھ لیا کرو ۲؎ کہ یہ شرک سے بیزاری ہے ۳؎(ترمذی،ابوداؤد،دارمی)
شرح
۱؎ فروہ کی صحابیت میں اختلاف ہے صحیح یہ ہے کہ آپ صحابی نہیں بلکہ تابعی ہیں،مگر آپ کے والد نوفل صحابی ہیں۔(اشعہ) ۲؎ بعض ر وایات میں یہ بھی ہے کہ"قُلْ ہُوَ اللہُ اَحَدٌ"پڑھتے ہی سو جاؤ یعنی پھر کوئی دنیاوی بات نہ کرو اور اگر کرنا پڑ جائے تو دوبارہ پڑھ لو۔ ۳؎ پہلے عرض کیا جاچکا ہے کہ اس کا عامل ان شاءاﷲ ایمان پر ہی مرے گا علماء نے اس کی تصریح فرمائی ہے۔