Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
383 - 5479
حدیث نمبر 383
روایت ہے حضرت انس سے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی کہ حضور نے فرمایا جو روزانہ دو سو بار قل ھو اﷲ پڑھ لیا کرے ۱؎ تو اس کے پچاس سال کے گناہ مٹا دیئے جائیں گے ۲؎ سوائے قرض کے۳؎ ترمذی،دارمی اور ایک روایت میں پچاس بار ہے اور قرض نہ ہونے کا ذکر نہیں۔
شرح
۱؎ یعنی دن و رات کے کسی حصہ میں پوری سورۂ اخلاص دوسو۲۰۰ بار پڑھا کرے۔بہتر یہ ہے کہ ایک دم ہی پڑھے اور اگر مختلف مجلسوں میں پڑھے تو بھی اجر مذکور کی امید ہے۔

 ۲؎ یعنی عمر بھر یہ پڑھتا رہے تو ان شاءاﷲ پچاس سال کے گناہ صغیرہ معا ف ہوں گے اور اگر اتنے گناہ نہ ہوں تو درجے بلند ہوں گے کیونکہ جن اعمال سے گنہگاروں کے عفو سیئات ہوتی ہے نیک کاروں کے لیے رفع درجات۔ یہ قانون کرم ہے لہذا حدیث پر یہ اعتراض نہیں کہ پھر تو نیک لوگ یہ عمل نہ کیا کریں۔

۳؎ کہ قرض تو حق العبد ہے بغیر اد اکئے یا قرض خواہ کے بغیر معاف کئے ساقط نہیں ہوتا سارے حقوق العباد کا یہ ہی حال ہے۔
Flag Counter