| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم |
روایت ہے حضرت معاذ جہنی سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے جو قرآن پڑھے اور اس کے احکام پر عمل کرے ۱؎ تو قیامت کے دن اس کے ماں باپ کو ایسا تاج پہنایا جائے گا ۲؎ جس کی روشنی سورج کی روشنی سے اچھی ہوگی جو اگر سورج تم میں ہوتا تودنیاوی گھروں میں ہوتی ۳؎ تو اس کے متعلق تمہارا کیا خیال ہے جو اس پر عامل ہو۴؎(احمد،ابوداؤد)
شرح
۱؎ ظاہر یہ ہے کہ یہاں قرآن پڑھنے سے مراد روزانہ اس کی تلاوت کرنا ہے اور ہوسکتا ہے کہ قرآن پڑھنے سے مراد علوم قرآن سیکھنا ہو یعنی عالم باعمل کا ثواب وہ ہے جو آگے مذکور ہے۔ ۲؎ یعنی عالم باعمل کے مؤمن ماں باپ کا درجہ یہ ہوگا خواہ انہوں نے اسے اپنی کوشش سے پڑھا ہو یا نہیں کیونکہ حدیث مطلق ہے پڑھانے کی قید نہیں۔ ۳؎ یعنی اگر سورج زمین پر ہوتا تو بتاؤ اس کی چمک دمک روشنی تمہارے گھروں میں کتنی ہوتی اس سے زیادہ اس تاج کے موتی چمکتے ہوں گے۔ ۴؎ یعنی پھر عالم باعمل کے متعلق سوچو کہ اس کا درجہ قیامت میں کیا ہوگا،وہ تو ہمارے خیال سے وراء ہے۔
شرح