Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
362 - 5479
حدیث نمبر 362
روایت ہے حضرت ابن مسعود سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے جو کتاب اﷲ قرآن کریم کا ایک حرف پڑھے ۱؎ تو اسے ایک نیکی اور نیکی کا دس گنا ۲؎ میں نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے۳؎ بلکہ الف ایک حرف ہے لام ایک حرف اور میم ایک حرف۴؎ ترمذی دارمی،ترمذی نے فرمایا کہ یہ حدیث اسناد سے حسن بھی ہے صحیح بھی غریب بھی۔
شرح
۱؎ ظاہر یہ ہے کہ یہاں حرف سے مراد وہ حرف ہے جو جدا جدا پڑھا جائے لہذا الٓـمٓ تین حرف ہیں۔چنانچہ الف ایک حرف لام ایک حرف اور میم ایک حرف مرقات۔ مگر قوی تر یہ ہے کہ حرف سے مراد مطلقًا حرف ہے علیحدگی کے قابل ہوں یا نہ ہوں کیونکہ حدیث پاک میں کوئی قید نہیں،لہذا قرآن کریم میں لفظ اﷲ پڑھنے سے چالیس نیکیاں ملیں گی خیال رہے کہ قر آن پاک میں خبیث چیزوں کے نام بھی ہیں جیسے ابی لہب،ابلیس شیطان،خنزیر،وغیرہ مگر ان ناموں کی تلاوت پر بھی ثواب اسی حساب سے ہوگا کہ یہ حروف یا ان کے ترجمے برے نہیں،بلکہ ان کے مصداق خبیث ہیں یہ تحقیق خیال میں رکھی جائے۔

۲؎ اس فرمان میں اس آیت کریمہ کی طرف اشارہ ہے کہ"مَنۡ جَآءَ بِالْحَسَنَۃِ فَلَہٗ عَشْرُ اَمْثَالِہَا"یہ تو ادنی ثواب ہے،آگے رب تعالٰی کا فضل ہماری شمار سے باہر ہے"وَاللہُ یُضٰعِفُ لِمَنۡ یَّشَآءُ"۔مرقات میں فر مایا کہ یہ ثواب تو عام تلاوتوں کا ہے،مکہ معظمہ و مدینہ میں تلاوت کا ثواب اس حدیث سے معلوم کر و کہ مکہ معظمہ میں ایک نیکی کا ثواب ایک لاکھ ہے اور مدینہ پاک میں پچاس ہزار۔

 ۳؎ چونکہ عربی میں حرف،حرف معانی،حرف مبانی، یعنی حرف ہجاء اور جملہ مفیدہ مطلقًا کلمہ سب کو ہی کہا جاتا ہے اسی لیے حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے خود یہ تفسیر فرمائی۔

 ۴؎ الف،لام،میم کو حرف فرمانا مجازًا ہے ورنہ یہ حرفوں کے نام یعنی اسمائے حروف ہیں اس میں لطیف اشارہ اس طرف ہے کہ الف میں تین حرف ہیں،ا،ل،ف مگر اس کو ہم ایک حرف ہی مانتے ہیں کہ قرآنی تلاوت میں یہ ایک حرف ہوکر آتا ہے،اگرچہ اس کے اجزا تین ہیں بعض شارحین نے کہا کہ الم تر کیف میں الم کی تیس نیکیاں ہیں اور"الٓـمّٓ ذٰلِکَ الْکِتٰبُ"میں الٓـمّٓ کی نوے نیکیاں ہیں،کیونکہ اس میں حرف نو ہیں اسمائے حروف اگرچہ تین ہیں مگر یہ قول اس حدیث کے خلاف ہے کیونکہ مکتوبی یعنی لکھے ہوئے حرف مراد ہیں نہ کہ مقروئی یعنی پڑھے ہوئے حر ف اور مکتوبی حرف سورۂ فیل و بقرہ میں یکساں ہیں۔
Flag Counter