Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
32 - 5479
حدیث نمبر 32
روایت ہے حضرت عتاب ابن اسید سے  ۱؎ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انگور کی زکوۃ کے بارے میں فرمایا کہ اس کا یوں ہی انداز ہ لگایا جائے جیسے کھجور کا لگایا جاسکتا ہے پھر اس کی کشمش سے یوں ہی زکوۃ دی جائے جیسے کھجور سے چھوہاروں کی دی جاتی ہے۲؎(ترمذی و ابوداؤد)
شرح
۱؎ آپ قرشی ہیں،اموی ہیں،فتح مکہ کے دن ایمان لائے اور آپ کو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ کا حاکم بنایا،صدیق اکبر نے اپنی خلافت میں آپ کو اس عہدہ پر بحال رکھا،صدیق اکبر کی وفات کے دن آپ کی مکہ مکرمہ میں وفات ہوئی،وہیں دفن ہوئے،کل پچیس سال عمر پائی،بڑے صالح متقی تھے۔

۲؎  حدیث بالکل ظاہر ہے کہ انگور کے باغ کا مالک سارے انگور توڑ کر وزن کرکے زکوۃ نہ نکالے بلکہ پہلے تو یہ اندازہ لگائے کہ کل پھل کتنا ہوگا،پھر یہ کہ کشمش ہوکر کتنا رہے گا اس کا دسواں یا بیسواں حصہ زکوۃ نکالے،چونکہ خیبر پہلے ۷ ہجری میں فتح ہوچکا تھا جہاں کھجور کے باغات ہیں وہاں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداﷲ ابن رواحہ کو اندازہ لگانے کے لیے بھیجاتھا اور طائف بعد میں فتح ہوا جہاں انگور کے باغات بکثرت تھے اس لیے حضور انور نے انگور کی زکوۃ کو کھجور کی زکوۃ سے تشبیہ دی۔(ازمرقات)
Flag Counter