Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
275 - 5479
حدیث نمبر 275
روایت ہے حضرت ابو ایوب انصاری سے انہوں نے خبر دی ۱؎ کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو رمضان کے روزے رکھے پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے ۲؎ تو ساری عمر کے روزوں کی طرح ہوگا ۳؎(مسلم)۴؎
شرح
۱؎ اپنے سے نیچے راوی کو یعنی اپنے شاگرد ابن عمرو ابن ثابت کو،انہوں نے یہ حدیث بیان کی جس کا ذکر آگے آرہا ہے۔

۲؎  مسلسل یا متفرق مگر متفرق افضل،اس طرح کہ عید کے سویرے ایک روزہ رکھ لے،باقی پانچ روزے پورے مہینے میں کچھ فاصلہ کرتے ہوئے رکھ لے۔

۳؎ کیونکہ سال میں دن تقریبًا تین سو ساٹھ ہوتے ہیں اور ہر نیکی کا ثواب دس گُنا تو رمضان کے تیس روزے تین سو بن گئے اور یہ چھ روزے ساٹھ ہوگئے۔خیال رہے کہ یہ حدیث اس روایت کے خلاف نہیں جس میں ارشاد ہوا کہ ہر مہینہ میں تین روزے عمر بھر کے روزے ہیں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ ان روزوں کا بھی یہی ثواب ہوا اور ان کا بھی یہی،ثواب ایک لیکن اس کے حاصل کرنے کے ذریعے بہت۔

۴؎  مرقات نے فرمایا کہ یہ حدیث قریبًا تیس صحابہ سے مروی ہے،ترمذی نے اسے حسن فرمایا،باقی انتیس اسنادیں اس کی نہایت صحیح ہیں۔چنانچہ اسے طبرانی،بزاز،ابن ماجہ،نسائی،ابن خزیمہ،ابن حبان،احمد،بیہقی وغیرہ کتب نے ابوہریرہ،جابر،ثوبان،براء ابن عازب،ابن عباس،سعد ابن سعید،ابو ایوب انصاری اور حضرت عائشہ صدیقہ سے روایتیں کیں،اس حدیث کو ضعیف کہنا سخت غلطی ہے۔
Flag Counter