Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
258 - 5479
باب القضاء

باب روزہ کی قضا  ۱؎
الفصل الاول

پہلی فصل
۱؎  ظاہر یہ ہے کہ قضاء سے روزوں کی قضا مراد ہے جیساکہ اس موقعہ سے اور آئندہ حدیثوں سے معلوم ہورہا ہے۔خیال رہے کہ ہر عبادت کی قضا بہت جلد کرلینا چاہئیے کیونکہ موت کی خبرنہیں حتی کہ اگر حائضہ یا مسافر کے پانچ روزے قضا ہوگئے پھر حائضہ پاک ہونے اور مسافر گھر آنے کے تین دن بعد فوت ہوگئے تو ان تین دن کی پکڑ میں آجائیں گے۔رب کی پناہ!
حدیث نمبر 258
روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں مجھ پر رمضان کے روزے ہوتے تھے ۱؎ تو میں سوائے شعبان کے قضا نہ کرسکتی تھی۲؎ یحیی ابن سعید نے فرمایا آپ کی مراد حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں مشغولیت ہے ۳؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ جو نسائی عوارض یا بیماری کی وجہ سے رہ جاتے تھے پہلے معنے زیادہ مناسب ہیں۔

۲؎ یعنی حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ حیات شریف میں رمضان کے روزوں کی قضا شعبان سے پہلے نہ کرسکتی تھی شعبان میں قضا کرتی تھی کہ وہ آخری مہینہ ہوتا تھا جس کے بعد دوسرا رمضان ہوتا تھا یا ماہ شعبان میں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم اکثر روزے رکھتے تھے اس لیے میں فراغت پالیتی تھی۔

۳؎ اس جملہ کا مطلب ہے کہ دس ماہ میں جس وقت حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے تیار رہتی تھی کہ نہ معلوم حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم مجھے کس وقت شرف قربت عنایت فرمائیں اس لیے روزہ قضا نہ کرتی تھی۔معلوم ہورہا ہے کہ ام المؤمنین ان دس ماہ میں نفلی روزے بھی نہ رکھتی تھیں جب فرض قضا نہ کرسکتی تھیں تو نفل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اس حدیث سے چند مسئلے معلوم ہوئے:ایک یہ کہ خاوند کو حق ہے کہ ایک عورت کی باری کے دن میں دوسری عورت سے صحبت کرے کیونکہ باری صرف رات کے قیام کی ہوتی ہے نہ کہ صحبت کی۔دوسرے یہ کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت دیگر عبادات سے افضل ہے،دیکھو حضرت عائشہ صدیقہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کے لیے نفلی روزے نہ رکھتی تھیں،حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد اکثر روزہ دار رہتی تھیں۔تیسرے یہ کہ ام المؤمنین کو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کے بتادینے سے معلوم تھا کہ میں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں وفات  نہ پاؤں گی۔اگر آپ کو اپنی وفات کا ہر دم خطرہ رہتا تو آپ پر قضا بہت جلدکرنا ضروری ہوتا جیسے کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے حج فرض ہونے پر پہلے سال حج نہ کیا کیونکہ آپ کو اپنی زندگی کا یقین تھا،ہم پر فرض ہوتے ہی کرلینا ضروری ہے تاخیر گناہ ہے۔چوتھے یہ کہ ایک سال کے رمضان کی قضا دوسرے رمضان آنے سے پہلے ضرورکرلینا چاہئیے شعبان میں ضروری کرلے۔
Flag Counter