Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
221 - 5479
الفصل الثالث

تیسری فصل
حدیث نمبر 221
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے دین غالب رہے گا جب تک لوگ جلدی افطارکرتے رہیں ۱؎کیونکہ یہود اور عیسائی دیر سے افطار کرتے ہیں ۲؎(ابوداؤد،ابن ماجہ)
شرح
۱؎ یعنی مسلمانوں کا جلدی روزہ افطارتے رہنا دین کے غلبے کا سبب ہے۔معلوم ہوا کہ سنتوں بلکہ مستحبات کی پابندی مسلمانوں کی شوکت اور دین کے ظہور و دبدبہ کاباعث ہے،پھر فرائض کا کیا پوچھنا،ہندوستان کے مسلمان اذان اور گائے کی قربانی پر کفار سے لڑتے رہے،کیوں؟غلبۂ اسلام کو قائم رکھنے کے لیے۔خیال رہے کہ یہاں جلدی سے مراد وقت جواز میں جلدی ہے جب سورج ڈوب جائے پھر دیر نہ لگائے،بلاوجہ دیر لگانا سنت کے خلاف ہے اور اتنی دیر کہ تارے گتھ جائیں مکروہ تحریمی۔

۲؎ یعنی دیر سے افطار کرنے میں ا ہل کتاب سے مشابہت ہے۔مرقاۃ و اشعہ نے فرمایا اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اسلام کی درستی سارے کفار کی مخالفت سے وابستہ ہے ان سے مشابہت میں دین کی کمزوری ہے۔ افسوس ان مسلمانوں پر جومحض عیسائیوں کی مشابہت کے لیے داڑھیاں منڈائیں،کھڑے ہو کر پیشاب کریں، ننگے سر پھریں،رب تعالٰی فرماتاہے:"لَا تَتَّخِذُوا الْیَہُوۡدَ وَالنَّصٰرٰۤی اَوْلِیَآء"اورفرماتاہے:"وَمَنۡ یَّتَوَلَّہُمۡ مِّنۡکُمْ فَاِنَّہٗ مِنْہُمْ"۔اس سے وہ لوگ عبرت پکڑیں جو بہت دیر کرکے روزہ افطارنے کو دین سمجھتے ہیں،سورج ڈوبتے ہی فورًا روزہ افطارنا چاہئیے اسی لیے رب تعالٰی نے فرمایا:"ثُمَّ اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّیۡل"۔فِی الَّیْلِ نہ فرمایا یعنی روزے کو رات میں بالکل داخل نہ کرو رات آتے ہی روزہ ختم کرو۔
Flag Counter