Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
177 - 5479
الفصل الثانی

دوسری فصل
حدیث نمبر 177
 روایت ہے حضرت ابو امامہ سے فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو حجۃ الوداع کے سال خطبہ میں فرماتے سنا کہ کوئی عورت اپنے خاوند کے گھر سے بغیر خاوند کی اجازت کچھ خرچ نہ کرے ۱؎ عرض کیا گیا یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کھانا بھی نہیں فرمایا یہ تو ہمارا بہترین مال ہے ۲؎(ترمذی)
شرح
۱؎ یعنی بیوی خاوند کے مال سے بغیر اجازت خیرات نہ کرے اجازت خواہ صریحی ہو یا عرفی جیسے عام طور پر بیویوں کو خاوندوں کی طرف سے روٹی کا ٹکڑا،معمولی چیز خیرات کردینے،مہمانوں کی خاطر تواضح کردینے کی اجازت ہوتی ہے بلکہ خاوند اس پرمطلع ہوکر خوش ہوتے ہیں کہ ہماری بیوی سلیقہ مند ہے،مہمان نواز ہے لہذا یہ حدیث گزشتہ احادیث کے خلاف نہیں۔

۲؎  یعنی کھانا تو بہتر ین مال ہے جس پر زندگی کا دارومدار ہے جب اپنے خاوند کی اجازت بغیرمعمولی چیز بھی خرچ نہیں کرسکتی تو کھانے جیسی بہترین چیز کیسے خیرات کرسکتی ہے،اس کا مطلب ابھی عرض کیا گیا۔
Flag Counter