| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے بہترین صدقہ بہت دودھ والی اونٹنی اور بہت دودھ والی بکری کا عطیہ ہے جو صبح کو برتن بھر کر دودھ دے اور شام کو دوسرا بھر کر ۱؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ عرب میں دستور تھا کہ جانوروں والے اپنا دودھ کا جانور عاریۃً چند روز کے لیے کسی عزیز مسکین کو دے دیتے تھے،اس زمانہ میں جانور کا خرچہ اس فقیر کے ذمہ ہوتا اور دودھ بھی وہی پیتا تھا،مدت گزرنے پر جانور واپس کردیا جاتا تھا اسے منحہ کہتے تھے یہاں اسی کا ذکر ہورہا ہے فرمایا جارہا ہے کہ اس جانور کا ہر وقت کا دودھ صدقہ ہوگا۔