۱؎ حلہ یمنی چادر اور تہبندکو کہتے ہیں دو کپڑوں پرہی بولاجاتا ہے،چونکہ دوسری روایت میں آتا ہے کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کو حلہ یمنی اورقمیص میں کفن دیا گیا اس لیے مرد کے لیے تین کپڑے مسنون ہیں۔اس حدیث سےمعلوم ہوا کہ کفن میں یمنی جوڑا بہتر ہے۔ہمارے دادا پیر حضرت شاہ علی حسین صاحب کچھوچھوی رحمۃاﷲ علیہ عرف اشرفی میاں نے اپنی موت و کفن کے لیے یمنی حلہ،طائف شریف کا شہد،آبِ زمزم اور خاک شفا محفوظ رکھی تھی اور فرمایا تھا کہ نزع کے وقت یہ شہد،پانی اور خاک شفا ملاکر میرے منہ میں ٹپکایا جائے اور اس حلہ یمنی میں مجھے کفن دیاجائے،یہ اسی حدیث پرعمل تھا۔الحمدﷲ!کہ فقیر اس وقت حاضر تھا بلکہ حضرت کو غسل میں نے دیا۔