Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم
811 - 993
حدیث نمبر811
روایت ہے حضرت شقیق سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ حضرت عبداﷲ ابن مسعود بیمار ہوئے ہم نے بیمار پرسی کی تو وہ رونے لگے کسی نے انہیں ملامت کی ۲؎ تو بولے کہ میں بیماری سے تو نہیں روتاکیونکہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ بیماری کفارہ ہے۳؎ میں تو اس پر روتا ہوں کہ مجھے بڑھاپے کے ضعف میں بیماری آئی قوت کے زمانہ میں نہ آئی کیونکہ بندہ جب بیمار پڑتا ہے تو اس کے اعمال وہ لکھے جاتے ہیں جو وہ بیماری سے پہلے کرتا تھا جس سے بیماری نے اسے روک دیا۴؎(رزین)
شرح
۱؎ آپ مشہور تابعی ہیں کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پالیا مگر دیدار نہ کرسکے،حضرت ابن مسعود کے خاص ساتھیوں میں سے ہیں۔

۲؎ ملامت کرنے والاسمجھا کہ آپ بیماری سے تنگ آکر رو رہے ہیں یہ بڑوں کی شان کے خلاف ہے۔

۳؎ صغیرہ گناہوں کا،میں تو اسے مبارک جان کر اس کی آمد پرخوش ہوتا ہوں۔

۴؎ چونکہ میں بڑھاپے کی وجہ سے تندرستی میں زیادہ نفلی عبادتیں نہیں کرسکتا اس لیے اب بیماری میں بھی کم نوافل کا ہی ثواب ملے گا۔خیال رہے کہ حضرت ابن مسعود کی عمر ستر سال سے زیادہ ہوئی،  ۳۲ھ؁ میں وفات ہے۔
Flag Counter